26 مئی ، 2022
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کو بھارتی عدالت کی جانب سے عمر قید کی سزا سنانے پر بیان سامنے آگیا ہے۔
شاہد آفریدی نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ' بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو خاموش کرنے کی مسلسل کوششیں بیکار ہیں، یاسین ملک کے خلاف من گھڑت الزامات کشمیر کی جدوجہد آزادی کو نہیں روکیں گے'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'میں اقوام متحدہ سے کشمیری رہنماؤں کے خلاف غیر منصفانہ اور غیر قانونی ٹرائل کا نوٹس لینے کی اپیل کرتا ہوں'۔
واضح رہے کہ بھارتی عدالت نےکشمیری حریت رہنما یاسین ملک کو 19مئی کو دہشتگردی کی فنڈنگ کے جھوٹے مقدمے میں مجرم قرار دیا تھا۔
تاہم بدھ کے روز یاسین ملک کو بھارتی عدالت نے 2 بار عمر قید کی سزا سنائی جب کہ ان پر 10 لاکھ بھارتی روپے کا جرمانہ بھی کیا گیا۔