27 مئی ، 2021
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہناہے کہ صوبے میں کورونا کیسز کی شرح کم ہورہی ہے جس میں عوامی تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کورونا سے متعلق صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں کورونا کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 22043 ٹیسٹ کیے گئے جو ایک ریکارڈ ہے، ان ٹیسٹوں کے نتیجے میں 1293 کیسز آئے جو 5.9 فیصد تشخیصی شرح ہے۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ سختی کرنے سے کیسز کی شرح کم ہوئی ہے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ اب کیسز کم ہورہے ہیں، تعاون پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں، عوام نے تعاون جاری رکھا تو ہم جلد کورونا کے پھیلاؤ کو روک سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں کیسز کی شرح 8.34، حیدرآباد میں 4.42 اوردیگر اضلاع میں 3.3 فیصد ہے، 20 مئی کو کراچی میں 12.86 فیصد اور حیدرآباد میں 11 فیصد شرح تھی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا سے متعلق صوبائی حکومت کی پابندیاں جاری رکھی جائیں گی۔
دوسری جانب سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میں کوروناکیسز کی شرح کم ہوکر 8.34 فیصد ہوگئی اور حیدرآباد میں بھی شرح کم ہوکر 4.42 فیصد پر آگئی ہے۔