LIVE

عالیہ کا کورونا ویکسین سے متعلق درست آگہی کیلئے ویب سیریز بنانے کا اعلان

ویب ڈیسک
May 27, 2021
 

فائل فوٹو

اداکارہ و فلم ساز عالیہ بھٹ نے  کورونا سے متعلق سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی  افواہوں کے تبادلے اور کورونا ویکسین سے متعلق مستند معلومات کے پھیلاؤ کے لیے ویب سیریز ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پانچ حصوں پر مشتمل ویب سیریز(the intersection) عالیہ پروڈکشن اور پوڈکاسٹ نیٹ ورک آڈیومیٹک کے تعاون سے تیار کی گئی ہے۔

اداکارہ کی جانب سے حال ہی میں ویب سیریز سے متعلق مداحوں کو آگاہی دینے کے لیےٹوئٹر پر ویڈیو پیغام شیئر کیا گیا۔

ویڈیو پیغام میں اداکارہ نے کہا کہ اگرچہ ویکسین آچکی ہے لیکن ہم میں سے اب بھی کچھ لوگ تذبذب کا شکار ہیں، اس ہچکچاہٹ کی بڑی وجہ سوشل میڈیا اور دیگر میسجنگ پلیٹ فارم پر پھیلائی جانے والی غلط معلومات، عقائد اور افواہوں کا تبادلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سیریز آپ کو قابل بھروسہ وسائل کے ذریعے ویکسین سے متعلق معلومات فراہم کرنے میں مدد دے گی، ساتھ ہی آپ کو ویکسین کے انتخاب میں بھی مدد دے گی۔

اداکارہ کے مطابق سیریز کا پہلا حصہ آج سے ریلیز کیا جائے گا جس میں شامل نامور ڈاکٹرز اور عالمی ماہرین صحت کورونا سے متعلق اصل حقائق اور اعدادوشمار شیئر کریں گے۔