بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کو فلم انڈسٹری میں 15 سال مکمل ہوگئے۔
کنگنا رناوت نے 2006 میں ریلیز ہونے والی فلم ’گینگسٹر‘ سے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا، اپنی پہلی فلم کی کامیابی کے بعد کنگنا نے پھر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور اب وہ بالی وڈ کی صف اول کی اداکارہ ہیں۔
یہی نہیں کنگنا نا صرف سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ بن گئی ہیں بلکہ وہ اب خود بھی فلمیں پروڈیوس کرتی ہیں۔
کنگنا کی کامیابی کے پیچھے اداکارہ چترانگدا سنگھ کے موبائل فون بند ہونے کا کمال ہے۔ اس حوالے سے خود کنگنا کا انٹرویو میں کہنا ہے کہ فلم ’گینگسٹر‘ کیلئے آڈیشن دیا تھا لیکن مجھے فلم میں چھوٹی لگنے کی وجہ سے کاسٹ نہیں کیا گیا بلکہ اس فلم میں چترانگدا سنگھ کو سائن کیا گیا۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ 2 ماہ بعد ایک دن اچانک ہدایتکار انوراگ باسو کا فون آیا اور فلم کی شوٹنگ کیلئے بلالیا اور کہا کہ چلو اب تمہارا ہی میک اپ کرکے تھوڑی بڑی دکھائیں گے اب تم یہ فلم کرلو۔
کنگنا کی یہ فلم سپرہٹ ثابت ہوئی جس کے بعد کنگنا نے انڈسٹری میں قدم جمانا شروع کیے اور اب وہ کئی فلموں پر نیشنل ایوارڈز لے چکی ہیں۔