بھارت میں کورونا وبا کی بدترین صورت حال میں بھی معاشرے کا معزز طبقہ اپنے لیے بہترین سہولیات حاصل کرنے کی دوڑ میں پیچھے نہ رہا۔
نئی دہلی کی ریاستی حکومت نے ہائی کورٹ کی درخواست پر شہرکا لگژری ہوٹل ججوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے کوویڈ سینٹر میں تبدیل کردیا۔
خبرایجنسی کے مطابق مقامی حکومت کے بیان میں کہا گیا ہےکہ دہلی ہائی کورٹ کی درخواست پر لگژری ہوٹل کے 100 کمروں کو کوویڈ سینٹر بنا دیا گیا ہے، شہر کا بڑا اسپتال لگژری ہوٹل کےکورونا سینٹر کی نگرانی کرےگا۔
اپوزیشن جماعت کانگریس کے ترجمان جےویر شیرگل نے حکومتی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہناہےکہ حکومتی فیصلہ آئین میں شامل مساوی حقوق کے برخلاف ہے، عدالت خود اس خصوصی برتاؤ کے فیصلے کو مسترد کرے۔
دوسری جانب ریاستی حکام اور دہلی ہائی کورٹ رجسٹرار دفترکی جانب سے خبر پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
خیال رہےکہ بھارت میں مسلسل چھٹے روز کورونا وائرس کے تین لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
بھارت میں مسلسل لاکھوں کیسز سامنے آنے سے انتہائی بدترین صورتحال کا سامنا ہے جہاں اسپتال مکمل بھر چکے ہیں اور مریضوں کے لیے آکسیجن کی قلت ہے اور آکسیجن نہ ملنے سے متعدد اموات ہوئی ہیں۔